بھارتی مودی کے خلاف ٹویٹر پرپنوتی ‘منحوس’کا ٹرینڈ کیوں چلا رہے ہیں؟

بھارتی صارفین نے مودی کیلئے ٹویٹر پرپنوتی 'منحوس'کا ٹرینڈ چلادیا

ٹوکیو اولمپکس 2020 میں بھارتی ہاکی ٹیم کی شکست پر صدمے سے دوچار بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اپنے ہی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ‘پنوتی’ کا ٹرینڈ چلادیا ہے۔

‘پنوتی’ ایک ہندی لفظ ہے جس کا مطلب کوئی منحوس شخص ہے جو کسی کیلئے بری خبر یا بری قسمت کا سبب بنتا ہے، مگر بھارتی صارفین نے اپنے ہی وزیراعظم کیلئے ہاکی ٹیم کی شکست کے بعد یہ ٹرینڈ کیوں چلایا؟

اس کا جواب بھارتی خبررساں ادارے انڈیا ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دیا اور بتایا کہ کیسے نریندر مودی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہی بھارتی ہاکی ٹیم اپنا جیتا ہوا میچ ہار بیٹھی۔

ہوا کچھ یوں کہ ٹوکیو اولمپکس کےہاکی مقابلوں میں بھارتی ٹیم فائنل میں جانے کیلئے بیلجیئم کے خلاف میدان میں اتری، پوری بھارتی قوم کی طرح بھارتی نریندر مودی بھی اپنی ٹیم کی سپورٹ کررہے تھے مگر کسی کو معلوم نہیں تھا کہ نریندر مودی کی سپورٹ بھارت کو مہنگی پڑنے والی ہے۔

میچ کے پہلے کوارٹر کے دوران بھارتی ہاکی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بیلجیئم پر 2-1 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، اسی وقت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہاکی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی ٹوکیو اولمپکس کے ہاکی مقابلوں میں بھارت اور بیلجیئم کے درمیان سیمی فائنل دیکھ رہا ہوں، مجھے اپنی ٹیم اور ان کی صلاحیتوں پر فخر ہے، میری طرف سے انہیں بہت بہت نیک خواہشات۔

نریندر مودی کا یہ پیغام جاری ہوا کہ بھارتی ٹیم جو اس میچ میں بہترین پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی اچانک بیک فٹ پر چلی گئی، دوسری کوارٹر کے اختتام تک بیلجیئم نے 2-2 سے بھارتی برتری کو ختم کیا اور میچ کا خاتمہ بیلجیئم کے 5 کے مقابلے میں بھارت کے 2 گولز پر ہوا ،اور بھارت سیمی فائنل میچ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

ٹویٹر صارفین نے بھارتی وزیراعظم نریند ر مودی کی ٹویٹ کے بعد ٹیم کے شکست کی جانب سفر کو نہ صرف محسوس کیا بلکہ ٹویٹر پر ‘ پنوتی’ کاٹرینڈ چلا کر اس کا خوب پرچار بھی کیا ، بھارتی صارفین نے اس ٹرینڈ کے تحت دلچسپ میمز بھی شیئر کیے اور اپنے وزیراعظم کا خوب مذاق اڑایا۔

ایک بھارتی صارف نے مشہور فلم تھری ایڈیٹس کا ڈائلاگ نریندر مودی پر فٹ کیا جس پر لکھا تھا کہ’ ہاتھ جوڑ کر آپ سے گزارش ہے دور رہیے ہماری ٹیم سے’۔

ایک صارف نے تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘ پتا ہے ہم میچ کہاں ہارے؟’ اور اس کے جواب میں نریندر مودی کی ٹویٹ شامل کردی۔

ایک بھارتی نے کہا کہ سب ٹھیک چل رہا تھا اور پوری قوم خوش تھی کہ اچانک پنوتی آگیا۔

بھارتی صارف نے خواتین کے ہاکی مقابلوں کے دوران نریندر مودی کو میچ نہ دیکھنے کی درخواست بھی کرڈالی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>