یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

لاہور: یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔۔ لیگ اسپنر مشتاق احمد کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ اور مینٹور مقرر کردیا ہے

اپنی پریس ریلیز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار اداکرے گا۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونس خان کا کام کرنے کے اصول، میچ کی تیاری کا عزم اور انگلش کنڈیشنز میں کھیل کی آگاہی اور حکمت عملی پر مکمل عبور ہمارے لیے بہت قیمتی ثابت ہوگا۔ یونس خان بہت سے موجودہ کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی بہت عزت کی جاتی ہے، بلاشبہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی میدان کے اندر اور باہر، ہر انداز میں یونس خان کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ مشتاق احمد انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ ایک طویل عرصہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام بھی کرچکے ہیں۔ وہ اسپنرز کی معاونت اور کھلاڑیوں کی مینٹورشپ کے ساتھ ساتھ میچ سے متعلق حکمت عملی کی تیاری کے لیے مصباح الحق کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔

واضح رہے کہ یونس خان نے 2000 میں اپنے کیر ئیر کا اآغاز کیا تھا اور 2017 تک انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10ہزار 99 رنز بنائے۔ سری لنکا کے خلاف کراچی میں 313 رنز کی اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز تھی جس کی بدولت انہیں آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی۔

انگلینڈ میں کھیلے جانے والے 9 ٹیسٹ میچوں کی 16 اننگز میں یونس خان نے 50 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 810 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں (اوول 2016 میں 218 اور ہیڈنگلے 2006 میں 173 رنز کی اننگز) اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔

یونس خان نے 265 ون ڈے کھیل کر 7 سنچریوں اور 48 نصف چنریوں کی بدولت 7249 رنز بنائے جبکہ ان کی کپتان میں پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ بھی جیت چکی ہے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >