وائرل میم سے شہرت پانیوالے صارم اختر کا پاک انگلینڈ سیریز پر ویڈیو پیغام

مزاحیہ میمز سے شہرت پانے والے صارم اختر پاک انگلینڈ سیریز پر پرُ جوش

2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ میں پل پل بدلتی صورتحال پر مختلف کیفیتوں کی تصویر پیش کرنے والے صارم اختر اب پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز کے لیے بہت خوش اور پرجوش ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی سی بی نے اپنے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں صارم اختر نے میمز میں شہرت پانے والا لباس پہن رکھا ہے اور وہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو کے آغاز میں صارم اپنے وائرل میم والے سٹائل میں کھڑے نظر آتے ہیں لیکن پھر فوراً ہی پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ "ارے یار! بس کر ایک سال ہوگیا ہے، پاکستانی ٹیم سیریز کھیلنے انگلینڈ آئی ہوئی ہے، یہ تو بہت ہی زبردست وقت ہے”۔

اپنے خصوصی پیغام میں صارم نے کہا کہ "انہیں پاکستانی ٹیم فخر اور جذبے سے کھیلے تو پچھلی مرتبہ جو سیریز برابر کر کے آئے تھے اس مرتبہ انشااللہ جیت کر آئیں گے، انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ اگر گیند آف اسٹمپ سے باہر ہو تو اسے جانے دیں کھیلنے کی کوشش نہ کریں”۔

پی سی بی کے اکاؤنٹ سے کیے جانے والے اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے صارم اختر نے کہا کہ "آخر کار مجھے اپنی میم فوٹو سے مشہور ہونے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے کچھ بولنے کا موقع ملا، انہوں نے انگلینڈ سے سیریز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا”۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی20 میچز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کاپہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 13 سے 17 اور تیسرا 21 سے 25 اگست تک ساؤتھمپٹن میں ہوگا۔

تینوں ٹی 20 میچز مانچسٹر میں ہوں گے، پہلا میچ 28 اور دوسرا 30 اگست کو جبکہ تیسرا یکم ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔

برطانوی کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ میچز تماشائیوں کے بغیر اور بائیو سیکیور ماحول میں آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق کھیلے جائیں گے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >