بابر اعظم نے بڑے بڑے بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا

بابر اعظم نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نامی گرامی بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا،وہ اب تک ایونٹ میں 100 سے زائد کی ایوریج رکھنے والے واحد بیٹسمین بن گئے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ابتدائی ایڈیشن میں 100 سے زائد کی ایوریج سے رنز بنانیوالے بابر دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں، بارش کے سبب پہلے دن کھیل رکنے تک وہ ایونٹ میں 111.16 کی اوسط سے رنز بنا چکے تھے، انھوں نے انگلینڈ سے جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز مسلسل پانچویں اننگز میں ففٹی پلس اسکور بنایا، اس سے قبل بابر نے *102، 60، *100 اور 143 کی اننگز کھیلیں۔

رپورٹس کے مطابق بابراعظم نہ صرف ٹیسٹ بلکہ ون ڈی اور ٹی 20 میں بھی اپنی اپنی صلاحیتوں کا لوہا کامیابی سے منوارہے ہیں اور دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروارہے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابراعظم نے دو سال کے دوران ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ ایوریج کا ریکارڈ اپنے نام کرکے اسٹیو اسمتھ اور ویرات کوہلی بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ٹیسٹ میچز میں ویرات کوہلی کی ایوریج 55 اور سٹیوسمتھ کی ایوریج 62 ہے جبکہ بابراعظم کی گزشتہ دو سال کے دوران ٹیسٹ ایوریج65 رنز رہے۔

انگلینڈ کے خلاف 50 سے زائد رنز بناکر بابراعظم ٹیسٹ میچز کی مسلسل پانچ اننگز میں پچاس یا زائد اسکور کرنے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل ظہیر عباس، سعید انور، انضمام الحق، محمد یوسف، مصباح الحق اور سرفراز احمد بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ بابر اعظم کی ان پانچ اننگز میں تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بابر اعظم سال 2018 اور 2019 کے دوران کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں بہترین اوسط رکھنے والے کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر تھے۔

یکم جنوری 2018 سے دسمبر2019 تک کھیلے گئے میچز کے دوران کم از کم ایک ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم کا رن اوسط سب سے زیادہ تھا۔ ابابراعظم کا رن اوسط 61.60 جبکہ اسٹیو اسمتھ کا 60.00 رہا۔

ٹی20 میں تیزترین 1000 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بابر اعظم کے پاس ہے۔ ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ 27 میچز کھیل کر جبکہ بابراعظم نے 26 میچز کھیل کر انجام دیا۔

بابر اعظم ایک روزہ میچز میں تیزترین 11 سنچریوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ تیز ترین سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں بابر اعظم تیسرے نمبر ہیں۔ ویرات کوہلی نے 82 ویں اننگز میں 11 ویں سنچری کا اعزاز حاصل کیا تھا اور تیز ترین 11 سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود تھے لیکن بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔

بابراعظم کا ریکارڈ دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ ریکارڈز کے معاملے میں ویرات کوہلی کو پیچھے دھکیلتے نظر آرہے ہیں۔

انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کا نوجوان بلے باز بابر اعظم بھارت کا ویرات کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اس کے بارے میں بات کر رہا ہوتا۔بابراعظم بلا شبہ دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہے۔

دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفرار نواز جو پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ تر لتاڑتے نظر آتے ہیں اور ہر وقت جوئے ، میچ فکسنگ کا ایشو لیکر کھڑے ہوتے ہیں، انہوں نے بھی بابراعظم کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ بابر اعظم پاکستان ہی نہیں دنیا کے بہترین بلےباز ہیں۔ بابر اعظم نے کمال مہارت کے ساتھ انگلش باولرز کا مقابلہ کر کے اپنی اہلیت ثابت کی ہے۔ بابر اعظم اور شان مسعود نے مشکل وقت میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >