ایبٹ آباد میں کرکٹ کے جنون کی ویڈیو وائرل، سابق کرکٹرز کے تبصرے

پاکستانیوں کا کرکٹ سے لگاؤ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، پاکستانی نہ صرف گراؤند بلکہ پویلین اور ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر بھی کرکٹ میں پوری طرح انوالو ہوتے ہیں اور ہر میچ پر اپنی ماہرانہ رائے دینے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ کرکٹ کا کھیل پاکستان کے ہر کونے میں کھیلا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایبٹ آباد کے ایک گاؤں نکرموجوال میں منعقد کرکٹ میچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس سے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ پاکستانیوں کا کرکٹ سے کتنا جنون ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاکر عباسی نامی صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں مقامی لوگوں کو عید کے موقع پر ہونے والے کرکٹ میچ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شاکر عباسی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں یہاں ایک ایسا منفرد گراؤنڈ دکھانے جا رہا ہوں جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

شاکرعباسی نے اپنے ٹوئٹ میں آئی سی سی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ویڈیو آخر تک لازمی دیکھیں تاکہ آپ کو پاکستانیوں کے کرکٹ کے لیے جذبات کا پتہ چل سکے۔ایسا نظارہ کرکٹ شائقین نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

سوشل میڈیا صارف کی طرف سے شیئر کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عید کے موقع پر مقامی سطح پر ایک میچ کھیلا جارہا ہے جس میں کھیلنے والی ٹیم کو 3 گیندوں پر 4 رنز چاہیں اور آخر میں بیٹسمین چوکا لگا کر میچ اپنے نام کرلیتا ہے۔

میچ کے فیصلے کے بعد دور پہاڑیوں پر میچ سے لطف اندوز ہونے والے کرکٹ شائقین جیتنے والی ٹیم کی طرف دوڑ لگادیتے ہیں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے، مقامی انداز میں خوشی کا اظہار کرتے ہیں ۔ بعدازاں آخری گیند پر چوکا لگانے والے کھلاڑی کو کندھے پر اٹھالیتے ہیں اور جھومنا شروع کردیتے ہیں۔ میچ میں جیتنے اور رنراپ ٹیم کو ملنے والے انعام اور کپ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کی ایک اور خاص بات انگلش زبان میں کمنٹری ہے جسے سن کر شائقین خوب محظوظ ہوئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر سابق کرکٹرز ، سیاستدانوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ شعیب اختر نے لکھا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ایسا کرکٹ گراؤنڈ اور کرکٹ کے لیے ایسا جنون آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

اس ویڈیو کو رمیز راجہ اور فوادچوہدری نے بھی شئیر کیا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا اور تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے جس طرح کا جنون پایا جاتا ہے اس کی کوئی مثال نہیں۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >