کورونا کے بڑھتے وار کے باعث پی ایس ایل6 ملتوی

شائقین کرکٹ اور پی ایس ایل کے چاہنے والوں کیلئے بری خبر سامنے آگئی، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو ملتوی کردیا گیا۔پی ایس ایل6 ملتوی کرنیکا فیصلہ ورچوئل اجلاس میں کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں آج ایک میچ کھیلا جانا تھا، شام سات بجے لاہور قلندرز کا ٹاکرا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہونا تھا، دونوں ٹیمیں تین تین فتوحات حاصل کرچکی ہیں، گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی کامیابی سمیٹی تھی، ملتان سلطانز کو ہرا کر ہدف کے تعاقب میں جیت کی روایت بھی توڑی تھی۔

چند گھنٹے قبل کراچی کنگز کے آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیئل کرسٹین نے پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا اعلان کیا، جس کی تصدیق پی سی بی نے خود کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین دبئی روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کورونا کا شکار ہوگئے ہیں، یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

ان تینوں کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ڈبل ہیڈر میچز میں شرکت نہیں کی تھی، ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے کے بعدان کے کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز دوپہر میں کروائے گئے تھے،اب تک7کھلاڑی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں، پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش کی تھی۔

پی سی بی حکام اس حوالے سے آج 3بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے، ذرائع کے مطابق پی سی بی نے غیرملکی کھلاڑیوں کو لیگ چھوڑنے کا آپشن بھی دیا،ڈینیئل کے بعد مزید غیرملکی کھلاڑیوں کی بھی وطن واپسی کا امکان ہے۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>