بھارت کو پھر شرمندگی، آئی سی سی کا کشمیر پریمیئر لیگ پر بھارتی مطالبہ مسترد

انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کو منظور نہ کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے زیر اہتمام کشمیر پریمیئر لیگ کو منظور نہ کرنے کے لئے آئی سی سی کو خط لکھا تھا۔

بی سی سی آئی نے خط میں موقف اختیار کیا تھا کہ کشمیر کی حیثیت کو متنازع ہے، کیا ایسے خطے میں میچز کھیلے جاسکتے ہیں جس کے حوالے سے دو ممالک کے درمیان تنازع چل رہا ہو۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر بین الاقوامی کرکٹ ہمارا دائرہ اختیار نہیں ہے اس لیے ہم اس میں ملوث نہیں ہو سکتے۔ آئی سی سی کے پاس کسی بھی ڈومیسٹک ایونٹ کی منظوری کا اختیار ہی نہیں ہے، اس کی منظوری صرف وہ فل ممبر ممالک دیتے ہیں جہاں پر وہ ایونٹ کھیلا جارہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کے پی ایل ایونٹ میں شرکت سے عالمی کھلاڑیوں کو روکنے کے لئے دھمکی دی گئی تھی، بھارتی بورڈ، آئی سی سی رکن ممالک پر زور ڈال رہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے روکیں۔

سابق جنوبی افریقی بلے باز ہرشل گبز نے اپنی ٹوئٹ میں بی سی سی آئی پر دھمکانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بھارتی بورڈ انہیں کے پی ایل میں شرکت سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے اور دھمکی دے رہا ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی تو انہیں بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عالمی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بی سی سی آئی، اس معاملے میں غیر ضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لا رہا ہے اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش بلاجواز ہے۔

سابق جنوبی افریقی بلے باز کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملہ آئی سی سی کے فارم پر اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل بھارت نے کے پی ایل میں شرکت کے لئے آنے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو دھمکیاں دیں، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ کی اس حرکت پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ پی سی بی کا منظور شدہ ایونٹ ہے، بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک کر کھیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر آئی سی سی ارکان کے معاملات میں مداخلت کی ہے اور یہ معاملہ آئی سی سی کے فورم پر اٹھایا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سےٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو دھمکی دی گئی تھی کہ کشمیر گئے تو ان پر آئی پی ایل سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز 6 اگست سے ہورہا ہے جبکہ لیگ کا فائنل 17 اگست کو مظفرآباد میں کھیلا جائے گا۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >